محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ ہمیشہ آ پ کا ‘ آپ کی نسلوں کا مدد گار رہے ‘ خزانہ غیب سے ہر ضرورت پوری کرے‘ آپ کے بتائے روحانی اعمال اور دعائوںکی وجہ سے ہمیں اور ہماری نسلوں کو فیض ملتا رہے ۔ آمین۔ میں ایک سرکاری ادارے سے ریٹائر ہوں، ریٹائرمنٹ کے وقت جو رقم ملی، برکت والی تھیلی کا عمل کرنے کی وجہ سے اللہ نے ان پیسوں میں بہت برکت دی۔ اس رقم سے گھر کے کچھ اہم کام نمٹائے۔ میرا چھوٹا بیٹا پڑھنے کے لئے امریکا جانا چاہتا تھا مگر اتنے پیسے نہیں تھےلیکن برکت والی تھیلی پر 129 مرتبہ سورہ کوثر روزانہ پڑھنے کی برکت سے پتہ نہیں کیسے رقم جمع ہو گئی اور بیٹا امریکہ چلا گیا۔ بیٹے کے جانے سے تین ماہ پہلے میں دواخانے میں آپ کے اسسٹنٹ صاحب سے ملا انہوں نے مجھے اور میرے بیٹے کو استخارہ کر کے بتادیا کہ بچہ امریکہ چلا جائے گا اور آسانی ہو گی ۔ انہوںنے افحسبتم اور اذان والا عمل بچے کو بتایا اس نے دل لگا کر عمل کیا اور اللہ نے راہ بنائی ۔ جس دن اس کی فلائیٹ تھی، اس کی والدہ نے اس کے سامان پر اور اس کے ماتھے پر انگلی سے "کہف" لکھ دیا ، وہ جہاز میں بیٹھ گیا، ہم لوگ واپس گھر آ گئے تو ایک گھنٹے بعد اس نے فون کر کے بتایا کہ جہاز ابھی ائیر پورٹ سے فضا میں اڑا ہی تھا کہ پائلٹ کو ہارٹ اٹیک ہوا اور پندرہ منٹ بعد جہاز صحیح سلامت اتار لیا گیا ، اس طرح 725 لوگوں کی جان بچ گئی ۔ پھر دوسری ائیر لائن سے امریکہ روانہ ہوئے اور میرا بیٹا خیر ت سے امریکہ پہنچ گیا۔میرا بڑا بیٹا اور بہو پہلے سے امریکہ میں رہائش پذیر ہیں۔چھوٹا بیٹا اکثر امریکہ میں اپنی چیزیں رکھ کر بھول جاتا ہے،اس کی ماں یہاں کہف پڑھتی ہے وہاں چیز مل جاتی ہے۔اگر کبھی بیٹا دروازہ بند کر کے سو جائے تو اس کی بھابھی وہاں اور اس کی والدہ یہاں یہی عمل پڑھتی ہیں تو وہ گہری نیند سے اٹھ کر دروازہ کھول دیتا ہے۔ ایک دن میرا بڑابیٹا اپنی اہلیہ کے ساتھ رات کے وقت جا رہا تھا ، ابھی صبح ہونے میں دیر تھی تو اچانک گاڑی گھر سے 1 گھنٹہ دور ویران جگہ پر رک گئی، اس کی ماں کو یہاں اچانک پریشانی ہوئی، اس نے فون کر دیا تو بیٹے نے بتایا کہ راستے میں تھا کہ گاڑی خراب ہو گئی، اندھیرے میں کیا کروں سمجھ نہیں آرہا، اس کی والدہ نے فرشتوں کو سورہ فاتحہ اور سورہ اخلاص پڑھ کر ہدیہ کی کہ میرے بیٹے کی مدد کریں ، ابھی دس منٹ ہوئے تھے کہ ایک انگریزعورت جو صبح ہونے سے پہلےسیر کرنے جا رہی تھی اس نے پوچھا کیا بات ہے، بیٹے نے بتایا کہ گاڑی نہیں چل رہی ، اس نے اپنی گاڑی کی بیٹری سے ان کی گاڑی سٹارٹ کر دی ، اس طرح وہ حفاظت سے گھر پہنچ گئے ۔
عارف لطیف ، لاہور
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں